پاک افغان کشیدگی کے باعث ضلع خیبر میں طورخم سرحدی گزرگاہ سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی معطل کردی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پاک افغان سرحدی مقامات پر کشیدگی کے باعث طورخم سرحد کے ذریعے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق سرحدی صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد نقل و حرکت روکی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی فائرنگ کے باعث طورخم سرحدی گزرگاہ ٹرمینل میں کھڑی افغان پناہ گزینوں کی درجنوں گاڑیوں کو گزشتہ شب حفاظتی اقدام کے طور پر لنڈی کوتل منتقل کردیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق حالات معمول پر آنے تک پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا سلسلہ معطل رہے گا۔
واضح رہے کہ طورخم بارڈر کے راستے روزانہ سینکڑوں افغان خاندان اپنے وطن واپس جاتے ہیں، تاہم موجودہ کشیدگی کے باعث یہ عمل وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔
دوسری جانب UNHCR پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈھائی برس کے دوران پاکستان سے 20 لاکھ سے زائد افغان شہری اپنے ملک واپس جاچکے ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی واپسی کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔