او آئی سی اجلاس: اسحاق ڈار کا فلسطین اور کشمیر پر دوٹوک موقف

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی وزارتی اجلاس سے خطاب میں مقبوضہ فلسطین اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کے موقف کو دوٹوک انداز میں پیش کیا۔

دفترِ خارجہ کے مطابق جدہ میں او آئی سی سیکریٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں کو نام نہاد ریاستی ملکیت میں تبدیل کرنے کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور انہیں سختی سے مسترد کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، بورڈ آف پیس اور عرب-اسلامی گروپ کے رکن کی حیثیت سے فلسطینی کاز کی حمایت میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے الحاق کی کسی بھی کوشش کو روکا جائے اور غزہ میں جنگ بندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، غزہ کی فوری تعمیرِ نو کا آغاز کیا جائے نیز 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

مزید برآں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی کوششیں تیز کی جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US