نیب کراچی نے 423.5 ارب روپے مالیت کی 350 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرالی

image

قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک 1 اور بلاک 2 میں واقع 350 ایکڑ قیمتی سرکاری زمین واگزار کرالی، جس کی موجودہ مالیت تقریباً 423.5 ارب روپے بتائی جاتی ہے۔

نیب حکام کے مطابق یہ کامیابی سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور انتظامی بدعنوانی کے خلاف جاری تحقیقات کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ تحقیقات میں محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن حکومتِ سندھ، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KDA) کے بعض اعلیٰ افسران کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔

تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ سمندر سے حاصل کی گئی قیمتی اراضی کو مبینہ طور پر قانونی تقاضے پورے کیے بغیر معمولی قیمت پر نجی اداروں کو الاٹ کیا گیا، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ کیس کی باقاعدہ پیروی کے بعد نیب کراچی تمام غیر قانونی الاٹمنٹس منسوخ کرانے میں کامیاب رہا۔

نیب کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین حکومتِ سندھ کے حوالے کردی گئی ہے، جس کی تصدیق محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن نے بھی کردی ہے۔ یہ کارروائی نیب کراچی اور بورڈ آف ریونیو سندھ کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے ذریعے زمین کی فروخت یا مزید قانونی پیچیدگیوں کو روکا گیا اور قومی خزانے کو تاریخی مالی نقصان سے بچایا گیا۔ ادارے نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ”احتساب سب کے لیے“ کی پالیسی کے تحت عوامی وسائل کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US