وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ہر قسم کے اجتماعات، جلسے، جلوس، احتجاج اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی جانب سے جاری اعلامیے میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا اکٹھ کا حصہ نہ بنیں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران چار یا اس سے زائد افراد کے اجتماع کو غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی احتجاج، مظاہرے یا اجتماع کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی فضا قائم رکھی جا سکے۔