پاکستان سے رواں سال حج پروازوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو حجازِ مقدس پہنچایا جائے گا۔ ابتدائی پروازیں کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے روانہ ہوں گی اور حج آپریشن کے پہلے روز چار پروازوں کے ذریعے عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔
ابتدائی 15 روز تک عازمین کو مدینہ منورہ منتقل کیا جائے گا جبکہ جدہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 4 مئی سے ہوگا۔ مدینہ منورہ کے لیے طویل دورانیے کی پہلی پرواز 7 مئی کو روانہ ہوگی اور پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو اڑان بھرے گی۔ مجموعی طور پر حج آپریشن 34 روز جاری رہے گا۔
سرکاری اسکیم کے مطابق 67 ہزار 230 مرد اور 51 ہزار 846 خواتین عازمین کو سعودی عرب لے جایا جائے گا۔ مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ قومی و نجی ایئر لائنز، جن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ایئر لائن شامل ہیں۔
حج پروازیں ملک کے آٹھ شہروں سے چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124، لاہور سے 104، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23، سکھر سے 5 اور کوئٹہ سے 18 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔