پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی صورتحال: اپر دیر میں تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ

image

پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلع اپر دیر میں 32 سرکاری تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اپر دیر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ اقدام سرحدی علاقوں میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور طلبہ و اساتذہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل و فی میل) اپر دیر کی سفارش پر کیا گیا، جنہوں نے سرحدی علاقوں میں درپیش سیکیورٹی خدشات کے باعث تعلیمی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنے کی تجویز دی تھی۔

حکم نامے کے تحت تحصیل براول اور ضلع اپر دیر کے مختلف علاقوں میں قائم گورنمنٹ مڈل اور پرائمری اسکول فوری طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ بندش ایک ہفتے کے لیے ہوگی، تاہم حالات کا مسلسل جائزہ لیا جاتا رہے گا اور صورتحال بہتر ہونے پر تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کی نقول متعلقہ اعلیٰ حکام کو ارسال کردی گئی ہیں، جن میں سیکریٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا، کمشنر مالاکنڈ ڈویژن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر دیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہیں تاکہ فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US