کراچی دخترانِ رہبرِ معظم کے زیر اہتمام کراچی میں خراسان سے امام بارگاہ علی رضا تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ’’امریکا مردہ باد‘‘ اور ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز تھے جن پر رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تصاویر کے ساتھ ایران کے خلاف جارحیت اور عالمی برادری کی خاموشی کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی کے شرکاء نے یکم مارچ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ شہداء کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
ریلی سے جاویداں فہیم (ناظمہ جماعت اسلامی شعبہ خواتین کراچی)، مہجبین نقوی، پروفیسر معصومہ شیرازی، ڈاکٹر سیدہ سارہ کاظمی، ایڈووکیٹ فرحین زہرا اور زہرا نقوی نے خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ رہبرِ معظم اور ولی امر مسلمین سید علی خامنہ ای کی شہادت امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے جس پر وہ امامِ عصرؑ کی بارگاہ میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام امریکا اور صہیونی ریاست اسرائیل کی مجرمانہ کارروائی ہے جو ان کے لیے سنگین نتائج کا باعث بنے گی۔
مقررین نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، گلگت اور اسکردو میں احتجاج کرنے والوں پر کارروائی کے دوران 30 سے زائد افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
ریلی کے منتظمین نے اپنے اعلامیے میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کیا جائے، امریکی سفارتخانہ اور قونصل خانے بند کیے جائیں، شہداء کے قاتلوں کے خلاف فوری مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے اور کراچی میں نوجوانوں کے قتل میں ملوث غیر ملکی اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
اعلامیے میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ ملک بھر میں گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ شرکاء نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا جائے اور امت مسلمہ کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔
ریلی کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی جس میں شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور دنیا میں عدل و انصاف کے قیام کے لیے دعا مانگی گئی جبکہ حضرت امام مہدیؑ کے ظہور میں تعجیل کی بھی دعا کی گئی۔
دخترانِ رہبر کے زیرِ اہتمام ریلی شام 4 بجے نمائش سے شروع ہوئی، جو ایم اے جناح روڈ سے ہوتی ہوئی امام بارگاہ علی رضاؑ پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین اور بچے موجود تھے۔
دوسری جانب احتجاجی ریلیوں کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے شہر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کو بھی متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا۔
احتجاجی ریلی کی وجہ سے الاصف سے پیراڈائز تک ابو الاصفہانی روڈ ٹریفک کے لیے بند کی گئی ہے جبکہ مسکن سے آنے والی ٹریفک کو پیراڈائز سے فاریہ چوک کی طرف اور الاصف سے آنے والی ٹریفک کو سروس روڈ کی طرف بھیجا گیا۔
ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے خلاف ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی ریلی کے باعث کھارادر پولیس اسٹیشن سے جانب ٹاور ایم اے جناح روڈ بند
کیا گیا تھا۔
مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکاء خواجہ اثناء عشری امام بارگاہ سے نیٹی جیٹی پل تک گئے۔ ریلی کے شرکاء نے اسرائیل مخالف نعروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
احتجاجی ریلی کی وجہ سے کھارادر تھانے کی جانب سے آنے والی ٹریفک کو یعقوبیہ مسجد کی طرف بھیجا گیا۔
یاد رہے کہ آج بعد نمازِ جمعہ مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے شہر بھر میں ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس کے باعث نمازِ جمعہ کے بعد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
انتظامیہ نے کسی بھی قسم کی ممکنہ زحمت سے بچنے کے لیے شہریوں سے بعد نمازِ جمعہ غیر ضروری سفر سے گریز اور متبادل راستے اختیار کرنے کی اپیل تھی۔
دوسری جانب کراچی کی مصروف ترین شاہراہوں ایم ٹی خان روڈ اور مائی کلاچی روڈ کو ایک بار پھر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے صبح جناح برج سے پی آئی ڈی سی جانے والا روڈ چھوٹی ٹریفک کے لیے کھولا تھا جبکہ مائی کولاچی روڈ پر پھاٹک سے جناح برج جانے والا روڈ بھی چھوٹی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں پی آئی ڈی سی سے سلطان آباد تک روڈ بھی چھوٹی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔
تاہم سلطان آباد ٹریفک سیکشن سے مائی کولاچی پھاٹک تک روڈ ٹریفک کیلیے تاحال بند ہیں۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ایم ٹی خان روڈ تاحال ٹریفک کے لیے بند ہے، ایم ٹی خان روڈ پر رکاوٹیں لگا کر پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ پی آئی ڈی سی پل پر کنٹینر لگا کر روڈ بند کردیا گیا ہے۔
مائی کلاچی آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند کرکے ٹریفک کو پی آئی ڈی سی سے کھجور چوک کی طرف اور مائی کلاچی سے آنے والی ٹریفک کو واپس موڑ دیا گیا تھا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جناح برج سے آنے والی ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے، جبکہ مائی کولاچی روڈ بند ہونے کی وجہ سے آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ رہا۔