امریکا و اسرائیل کی ایران پر جارحیت کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی مظاہرے

image

ایران پر امریکی واسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف اور ایران سے اظہار یکجہتی کے لیے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جمعہ کو کراچی بھر میں 100 سے زائد اہم عوامی مقامات اور مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مظاہرین نے مختلف بینر و پلے کارڈ اٹھاکر امریکا واسرائیل کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور پر جوش نعرے لگائے گئے۔

کتبوں پر امریکا اسرائیل مردہ باد، مزاحمت میں ہی زندگی ہے، اہل غزہ و ایران کی جدوجہد اور مزاحمت کو سلام، امریکی و اسرائیلی جارحیت عالمی امن کے لیے خطرہ، پوری قوم ایران کے ساتھ ہے، اقوام متحدہ کہاں غائب ہے، حکومت پاکستان اور اپوزیشن پارٹیاں امریکا واسرائیل کی کھل کر مذمت کریں اور ایران کا کھل کر ساتھ دینے کا اعلان کرنے سے متعلق نعرے درج تھے۔

امریکا و اسرائیل مشرق وسطی کے پورے خطے پر اپنی حکمرانی چاہتے ہیں، منعم ظفر خان

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے میں امریکا و اسرائیل مردہ باد جلسہ عام و فیملی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا درد رکھنے والے لوگ بیداری اور ہمت کا ثبوت دیتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں تقوی اختیار کرنے کا مہینہ ہے، ماہ رمضان المبارک میں سن 2 ہجری 17 رمضان المبارک کو حق باطل کے درمیان معرکہ کا ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا جن حالات سے گزر رہی ہے۔ گزشتہ ڈھائی سال سے اہل غزہ و اہل فلسطین ظلم کا شکار ہیں۔ امریکا و اسرائیل ظلم ڈھانے والے ہیں۔ پہلے انہون نے غزہ کو تباہ کیا اور اب ایران پر ظلم ڈھا رہے ہیں۔ ہزاروں قربانیوں کے باوجود فلسطینیوں کے عزم و حوصلے بلند ہے۔

جہاد کا جذبہ ہے جو مظلوم فلسطینیوں کو جزبہ فراہم کرتا ہے۔ بدر کے میدان میں مقابلہ 3 گناہ بڑے لشکر سے ہوا جس کے پاس ہر قسم کا سازو سامان موجود ہے۔ بدر کے میدان میں اللہ سے دعا کی گئی اور کہا گیا کہ جو کچھ تھا وہ تیرے راستے پر لگادیا گیا۔ وقت نے دیکھا کہ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کے ذریعے سے مسلمانوں کی نصرت فرمائی اور مسلمانوں کو کامیابی عطا فرمائی۔

آج بھی بدر کے میدان سجے ہوئے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کی جغرافیائی صورتحال اسی منظر نامے کا پتا دے رہی ہے۔ یہ کیسا ظلم ہے اور کیسی طاعوتی قوتیں ہیں جنہوں نے مسلمانوں کو ظلم کا نشانہ بنایا ہوا ہے۔ امریکا و اسرائیل کا شیطانی کا گٹھ جوڑ دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران پر حملہ آور ہیں۔ امریکا و اسرائیل مشرق وسطی کے پورے خطے پر اپنی حکمرانی چاہتے ہیں۔

ایران اور فلسطین نے ثابت قدمی کے ذریعے اور شہادت کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ ہمارے سر کٹ تو سکتے ہیں لیکن جھک نہیں سکتے۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا مشن یہی تھا کہ دشمن کے سامنے سر نہیں جھکانا ہے۔ اگر غلامی اختیار کرنے والے ہوں تو اس کی کوئی شریعت نہیں ہوتی۔

انھوں نے کہا کہ غزہ پیس بورڈ کے نام پر وہی ممالک بیٹھے ہیں جو اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرتے رہے ہیں۔ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ پیس بورڈ کا حصہ نہ بنیں۔ اقوام متحدہ اور ہیومن رائٹس کی تنظیموں کی ذمہ داری بنتی تھی وہ کہاں غائب تھے۔

امریکا کی بمباری سے ایران کے اسکول کی 160 طالبات شہید ہوگئیں۔ امریکا و اسرائیل دونوں مسلمانوں کے خلاف یکجا ہے۔ ظلم کے نظام کے خلاف عدل کی حکمرانی قائم کرنے کے لیے جدوجہد کی جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کی کامیابی و کامرانی کا راز قرآن عظیم و شان کو تھامنے کے نتیجے میں تھا اور آج بھی تھا۔ یہ امت کامیابی و کامرانی اسی وقت اختیار کرسکتی ہے جب وہ قرآن کی تعلیمات جو تھام لیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US