وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جید علمائے جعفریہ سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، ضیاء لنجار، ریاض شاہ شیرازی، سینیٹر وقار مہدی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، اور آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو بھی موجود تھے۔
ملاقات میں علامہ سید شہنشاہ نقوی، علامہ نثار احمد قلندری، علامہ سید باقر حسین زیدی، سید شبر رضا سمیت دیگر علما کی شرکت کی۔
اجلاس میں آیت اللہ علی حسین خامنہ ای اور دیگر شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی، ملاقات میں یومِ علیؑ، یومِ قدس اور جمعۃ الوداع کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ایران پر حالیہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر عوام کی رہنمائی کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اس لیئے قوم کو یکجہتی، بھائی چارے اور بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، عوام کو موجودہ حالات کے بارے میں درست رہنمائی دی جائے تو مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، علمائے کرام سے مشاورت کا مقصد باہمی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس میں یومِ علیؑ، یومِ قدس اور جمعۃ الوداع کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ علمائے کرام اور سندھ حکومت مل کر کام کریں گے تاکہ امن امان اور بھائی چارے کی فضا قائم رہے۔