سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 مارچ کو خفیہ اطلاع پر ضلع ہرنائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بسیمہ میں کیا گیا جہاں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ سیکیورٹی فورسز نے مختلف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا اور شدید مقابلے کے بعد مزید 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق مارے گئے دہشتگرد متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان اور وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک سے بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔