جی ایچ کیو حملہ کیس: عمر ایوب، شبلی فراز، مراد سعید، ذلفی بخاری سمیت 47 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا

image

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ملزمان کو قید کے ساتھ 5،5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا جبکہ ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

عدالت سے سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب اور راشد شفیق شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز اور رائے محمد مرتضیٰ بھی ملزمان میں شامل ہیں۔

عدالت نے شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی کو بھی قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق سزا پانے والے ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث پائے گئے جبکہ جے آئی ٹی رپورٹ میں انہیں پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار قرار دیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان پر 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔ مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

عدالت کے مطابق مقدمے میں اب تک استغاثہ کے 44 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں جبکہ کئی ملزمان مسلسل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 47 مفرور ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا اور انہیں 7 دن کے اندر عدالت میں سرنڈر کرنے کا موقع بھی دیا گیا تاہم عدالتی احکامات کے باوجود کوئی ملزم پیش نہ ہوا جس کے بعد سزا سنائی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US