عیدالفطر پر نئے کرنسی نوٹ کیسے حاصل کریں؟ اسٹیٹ بینک نے طریقہ کار بتا دیا

image

عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی عیدی کے لیے نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا رجحان بڑھ جاتا ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شہریوں کے لیے باقاعدہ طریقہ کار جاری کر دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ نئے نوٹ مہنگے داموں فروخت کرنا قانوناً جرم ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال عیدالفطر 20 مارچ کو متوقع ہے، جس کے پیش نظر شہری عیدی دینے کے لیے نئے نوٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس موقع پر عوام کو رہنمائی فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رمضان کے دوسرے ہفتے میں 8877 شارٹ کوڈ سروس فعال کی جاتی ہے جس کے ذریعے شہری نئے نوٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سروس کے تحت شہری اپنے موبائل فون سے ایس ایم ایس میں اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کریں، اس کے بعد اسپیس دے کر اپنی پسندیدہ بینک برانچ کا کوڈ لکھیں اور یہ پیغام 8877 پر بھیج دیں۔

ایس ایم ایس بھیجنے کے بعد شہری کو جواب میں ایک منفرد ٹرانزیکشن کوڈ اور متعلقہ بینک برانچ کا پتہ موصول ہو جاتا ہے۔

اس کے بعد شہری اصل شناختی کارڈ اور اس کی ایک کاپی کے ساتھ متعلقہ بینک برانچ کا رخ کریں جہاں بینک عملہ ٹرانزیکشن کوڈ کی تصدیق کے بعد عموماً 10، 20 اور 50 روپے کے نئے نوٹوں کے پیکٹس فراہم کرتا ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اگر 8877 سروس مصروف ہو تو شہری براہ راست اپنی بینک برانچ سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ اکثر کمرشل بینک اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کے لیے محدود تعداد میں نئے نوٹ رکھتے ہیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر سے بھی نئے نوٹ حاصل کیے جا سکتے ہیں، جہاں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر نوٹ تبدیل کیے جاتے ہیں۔

مزید برآں بینک رمضان کے آخری عشرے میں اے ٹی ایم مشینوں میں نسبتاً صاف ستھرے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ بھی لوڈ کرتے ہیں جنہیں شہری عیدی دینے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US