پاکستان میں فائیو جی انٹرنیٹ سروس کے لیے اسپیکٹرم نیلامی کا آغاز

image

پاکستان میں جدید فائیو جی انٹرنیٹ سروس کے آغاز کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے اسپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔

نیلامی کی افتتاحی تقریب میں محمد اورنگزیب، شزا فاطمہ، عطا تارڑ اور حفیظ الرحمان نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔

حکام کے مطابق فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کا پہلا راؤنڈ 60 منٹ کے لیے رکھا گیا ہے جبکہ بولی کے لیے اہل تینوں ٹیلی کام کمپنیاں اس نیلامی میں حصہ لے رہی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ فائیو جی نیلامی کے حوالے سے حکومتی کوششیں آج کامیاب ہوئیں اور حکومت نے اس کے لیے مکمل ایکوسسٹم تیار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بلاک چین اور اے آئی جیسی جدید ٹیکنالوجیز کی صنعتوں کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ اسپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور کنیکٹیویٹی میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے آئی ٹی اور آئی ٹی سے وابستہ خدمات کے شعبے کو بھی تقویت ملے گی، جس سے برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تک پاکستان صرف 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم پر چل رہا تھا جبکہ آج ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا اسپیکٹرم آکشن ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے بعد فور جی سروس میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ آئندہ چھ ماہ کے اندر بڑے شہروں میں فائیو جی سروس دستیاب ہونے کی توقع ہے۔

شزا فاطمہ کے مطابق وزیراعظم باقاعدگی سے ڈیجیٹل اکانومی سے متعلق اجلاس منعقد کرتے ہیں اور خود “ڈیجیٹل نیشن پاکستان” وژن کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ اسپیکٹرم کو خالی کرانے اور دستیاب بنانے میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل نے بھی اہم کردار ادا کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US