سندھ میں کفایت شعاری کا آغاز، سرکاری محکموں میں 60 فیصد گاڑیاں 2 ماہ کیلیے بند

image

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ کفایت شعاری کا آغاز سندھ حکومت نے شروع کیا، سندھ حکومت نے وزیراعظم کے تمام فیصلوں کی توثیق کی، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی کی، سرکاری محکموں میں 60 فیصد گاڑیاں 2 ماہ کیلیے بند کر رہے ہیں، پولیس کی گاڑیوں، ایمبولینس سروس کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ وزراء نے 3 ماہ کی تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا، 16 سے 31 مارچ تک اسکولوں میں تعطیلات ہوں گی، صوبے میں پیر سے جمعرات تک کام ہوگا، جمعہ کو ورک فرام ہوم ہے، کئی وزراء نے پولیس موبائلز واپس کرنے کا اعلان کیا، شوقیہ سیکیورٹی رکھنے والوں سے سیکیورٹی واپس لی جائے گی۔

سرکاری دفاتر میں ہر قسم کی ریفریشمنٹ بند کی جائے گی، رمضان المبارک کے پیش نظر آئندہ دو ماہ تک سرکاری دفاتر میں کسی بھی قسم کی سرکاری ریفریشمنٹ فراہم نہیں کی جائے گی۔

سرکاری سطح پر کسی بھی قسم کی چائے، ناشتے یا دیگر ریفریشمنٹ کی اجازت نہیں ہوگی، اگر کوئی ملازم ذاتی طور پر پانی یا دیگر اشیاء استعمال کرنا چاہے تو وہ اپنی ذمہ داری پر کرے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز میں سب مل کر کفایت شعاری کریں، پیپلزپارٹی وفاقی حکومت، ریاست اور فوج کے ساتھ ہے، اسکولوں میں امتحانات جاری رہیں گے، پاکستان اور ریاست کا بیانیہ ہم سب کا بیانیہ ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ نے پہلے خصوصی قانون سازی کی، اب رولز بھی کابینہ سے منظور کرالیے گئے، کاشتکاری کرنے والی خواتین کے تحفظ کے قوانین شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بینظیر ورکرز کارڈ بنانے کیلیے 50 کروڑ کے فنڈ کی منظوری دی، خواتین محنت کشوں کو مساوی اجرت دی جائے گی، کسان خواتین کو بینظیر لیبر کارڈ فراہم کیے جائیں گے، خواتین کو بااختیار بنانا، تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ نے ملیر میں نرسنگ اسکول کے قیام کی منظوری دی، ابراہیم حیدری میں 4 ایکڑ زمین نرسنگ اسکول کیلیے منظور کی گئی، کراچی کے لوگوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال سے سہولیات ملیں گی، ملک میں پہلی بار طلباء کی حاضری اور داخلوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا، موبائل ڈیجیٹل ایپ سسٹم ایک سال میں تمام اسکولوں میں نافذ ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US