گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تقریبِ حلف برداری گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی جہاں سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس ظفر احمد راجپوت نے سید نہال ہاشمی سے حلف لیا۔
تقریب میں صوبائی وزراء، سرکاری حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
حلف اٹھانے کے بعد سید نہال ہاشمی نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں باضابطہ طور پر سنبھال لیں۔
بعدازاں گورنر سندھ نہال ہاشمی نے حلف اٹھانے کے بعد مزار قائد پر حاضری دی، مزار قائد پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن، وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی اور ن لیگ کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آج اپنے سیاسی باپ محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، ان کی جدوجھد سے پاکستان وجود میں آیا ہے، آج قائد اعظم کی وجہ سے آزادی ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ذوالفقار علی بھٹو کی دور اندیشی کی وجہ سے سر اٹھا کر چلتے ہیں، نواز شریف نے ادنیٰ کارکن کو وہ مقام دیا، پاکستان میں کارکنوں کو یہ مقام کہیں نہیں ملتا ہے،
انھوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا پورا پروگرام ہے، سندھ کی ترقی کے نقش قدم پر چلیں گے، ہمارے آباؤ اجداد نے بہت قربانیاں دی ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں مل بیٹھ کر مسائل کو حل کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے ہمارے پاکستانی ہیں، ہم ان کو پہلے بھی مانتے رہے ہیں، میرے آنے سے پہلے گورنر سندھ اپنے پروگرام سمیٹ چکے ہیں، کامران ٹیسوری سے میری فون پر بات بھی ہوئی تھی، میرے آنے سے پہلے گورنر ہاؤس میں تمام پروگرام ختم کردیے تھے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ دنیا میں دو لوگ مقبول ہیں ایک وزیراعظم اور دوسرا سپہ سالار۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سندھ میں بڑے پیمانے لیپ ٹاپ دے چکے ہیں جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ اسکیم کا دائرہ وسیع کریں گے۔