کراچی میں آج صبح سویرے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے سنگر چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے سڑک عبور کرتی ماں اور بیٹی کو کچل دیا۔ حادثے کے نتیجے میں ماں موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ بیٹی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
متوفی خاتون کے شوہر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری بیوی کو ٹینکر ڈرائیور نے روند کر مار ڈالا، اور میری 12 سالہ بیٹی حادثے میں زخمی ہوئی ہے۔ گھر سے دوائی لینے کے لیے نکلے تھے کہ راستے میں یہ خوفناک حادثہ پیش آ گیا۔
اسی دوران شارع فیصل پر عوامی مرکز کے قریب ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ بلدیہ نمبر 4 میں سڑک عبور کرتے ہوئے 75 سالہ بزرگ شہری نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئے۔