کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا سمن آباد میں پولیس مقابلے کے دوران مبینہ ڈکیت ہلاک جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا، پولیس نے گروہ میں شامل خاتون کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کا ساتھی اکبر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران گروہ میں شامل خاتون ملزمہ نہا کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں نہا نے انکشاف کیا کہ تینوں ملزمان نے ایک گروہ بنا رکھا تھا اور فیڈرل بی ایریا کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمہ کے مطابق تینوں آئس (کرسٹل میتھ) کے عادی تھے اور اکثر نشے کی حالت میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان وارداتوں کے دوران ایک ہی موٹر سائیکل استعمال کرتے تھے جبکہ نہا اپنے پرس میں پستول رکھتی تھی۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمہ نہا اور فرار ہونے والا ملزم اکبر نیو کراچی کے رہائشی ہیں جبکہ ہلاک ملزم سلمان لیاقت آباد کا رہائشی تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نہا کو دو سال قبل اس کے پہلے شوہر نے طلاق دی تھی، بعد ازاں اس نے تقریباً ڈیڑھ سال قبل اکبر سے شادی کی۔ ایک ماہ قبل دونوں میں طلاق ہوگئی تھی تاہم وہ ساتھ ہی رہ رہے تھے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان نے نیو کراچی کے ایوب گوٹھ میں ایک مکان کرائے پر لے رکھا تھا اور لوٹی گئی رقم منشیات پر خرچ کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزم اکبر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔