اسلام آباد: ٹائمز امیگریشن فراڈ کا مرکزی ملزم گرفتار

image

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) نے بڑے امیگریشن فراڈ کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، جسے اسلام آباد کے بڑے امیگریشن اسکینڈلز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم جعلی نام جنید بٹ استعمال کر رہا تھا، جبکہ اس کی اصل شناخت ایم جہانزیب کے نام سے ہے۔ اسے طویل انٹیلی جنس کارروائی کے بعد لاہور سے گرفتار کیا گیا۔

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم ٹائمز امیگریشن اسکینڈل کا مرکزی کردار تھا، جس کے ذریعے ہزاروں شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کے نام پر دھوکا دیا گیا۔ متاثرین کو امیگرنٹ، اسٹوڈنٹ اور فیملی ویزوں کے نام پر فراڈ کا شکار بنایا گیا۔

یہ نیٹ ورک اسلام آباد کے جی-11 مرکز، گیگا مال اور لاہور کے لبرٹی مارکیٹ سمیت مختلف دفاتر سے کام کر رہا تھا اور اس کے روابط متحدہ عرب امارات تک پھیلے ہوئے تھے۔

ایف آئی اے نے ملزم کے متعدد بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا جن کے ذریعے مالی لین دین کیا جاتا تھا۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق اسکینڈل میں تقریباً 25 کروڑ روپے سے زائد رقم کا فراڈ کیا گیا۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے فراڈ سے حاصل شدہ رقم سے متعدد جائیدادیں خریدیں جو اس نے اپنی پہلی بیوی مریم اور دوسری بیوی کنیز فاطمہ عرف دیدار ملتانی کے نام کرائیں۔

مزید برآں، لاہور میں ملزم نے ایمپائر مال، لبرٹی میں انٹرنیشنل ویزا کنسلٹنٹ (IVC) کے نام سے جعلی کمپنی قائم کر رکھی تھی اور وہاں میان زوہیب کے نام سے سرگرم تھا۔ متاثرہ شہری ایف آئی اے لاہور زون سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

کارروائی انسپکٹر عبداللہ کیانی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ندیم ظفر کی ٹیم نے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد شہزاد ندیم بخاری کی نگرانی میں انجام دی، جبکہ ایف آئی اے لاہور زون نے بھی تعاون فراہم کیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی انسانی اسمگلنگ اور امیگریشن فراڈ کے خلاف ایک اہم قدم ہے اور کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جس میں نیٹ ورک کے دیگر ملوث افراد کی گرفتاریوں کا امکان بھی موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US