کراچی: فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد پکڑا گیا

image

رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 12 منو گوٹھ میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ‘فتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گرد عاصم کلمتی بلوچ کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔عاصم کلمتی 2023 میں بی ایل اے میں شامل ہوا اور وہ ہلاک کمانڈر طارق عرف صوفی کا قریبی ساتھی رہا ہے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ طارق عرف صوفی کی ہلاکت کے بعد ملزم ایران کے علاقے ریمدان میں روپوش رہا تھا۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے، اسلحہ و راشن کی ترسیل اور سہولت کاری کے متعدد واقعات میں ملوث رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزم کو کالعدم بی ایل اے کے مجید بریگیڈ میں عسکری تربیت کے لیے بھیجنے کی تیاری کی جا رہی تھی اور وہ عید کے بعد تربیتی کیمپ جانے والا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ریاست اور اداروں کے خلاف اکسانے کا کام بھی کرتا رہا ہے۔

گرفتار دہشت گرد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US