اسلام آباد: ڈکیتی مزاحمت پر فارم ہاؤس کے اندر تاجر قتل

image

وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے دعوے ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئے، جہاں تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے میں خونی ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک تاجر جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واردات گزشتہ رات تقریباً ڈھائی بجے آرچرڈ اسکیم، مارگلہ ٹاؤن، گلی نمبر 8، مکان نمبر 51 میں پیش آئی، جہاں 5 نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر گھر کی گرل کاٹ کر اندر داخل ہوئے۔

اہل خانہ کے مطابق ڈاکوؤں نے فارم ہاؤس میں داخل ہو کر لوٹ مار کی اور مزاحمت کے دوران معروف تاجر عامر اعوان ولد صفدر اعوان کو گولیاں مار دی گئیں، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

زخمی کو فوری طور پر شفاء اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ملزمان تاجر کا موبائل فون اور گارڈ کا اسلحہ بھی چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ایف آئی آر سیل کرتے ہوئے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا ہے۔ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ شہریوں نے وفاقی دارالحکومت میں بڑھتی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US