ایف بی آر سے مذاکرات ناکام، صرافہ ایسوسی ایشن کا ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا عندیہ

image

فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں چیئرمین ایف بی آر اور آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے درمیان ٹیکس معاملات پر ہونے والے تین گھنٹے طویل مذاکرات کسی حتمی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئے۔

مذاکرات میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے جیولرز کے وفد نے شرکت کی۔ آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر قاسم شکار پوری کے مطابق فریقین کے مابین سیلز ٹیکس اور ٹیکس نیٹ میں رجسٹریشن کے معاملات پر تو اتفاق رائے پایا گیا، تاہم سیکشن 175 سی کے نفاذ پر ڈیڈ لاک برقرار رہا۔

قاسم شکار پوری نے واضح کیا کہ جیولرز ایسوسی ایشن کو 175 سی کے تحت ہر سنار کی دکان پر ایف بی آر کے دو افسران کی تعیناتی کا مطالبہ ہر گز منظور نہیں ہے۔

دوسری جانب چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موجود 33 ہزار جیولرز میں سے 18 ہزار ابھی تک ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں ملک بھر کے جیولرز کا آڈٹ شروع کیا جا رہا ہے۔

مذاکرات کی ناکامی کے بعد آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن نے آئندہ 48 گھنٹوں میں باہمی مشاورت کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US