پاکستان میں کرپٹو ٹریڈنگ کیلیے راستہ ہموار، بینکوں کو اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت

image

پاکستان میں کرپٹو اور ڈیجیٹل کرنسی کے شعبے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اسٹیٹ بینک نے ورچوئل کرنسی اور ٹوکن کی ڈیلنگ پر عائد اپنی سابقہ پابندی ختم کردی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل 2018 کا بی پی ڈی سرکلر نمبر تین منسوخ کر دیا گیا ہے اور اس کی جگہ بی پی ڈی سرکلر نمبر 10 برائے 2026 جاری کر دیا گیا ہے۔

نئے اعلامیے کے تحت بینکوں اور مالیاتی اداروں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ لائسنس یافتہ ورچوئل ایسٹ سروس پرووائیڈرز (VASPs) کے اکاؤنٹس کھول سکیں گے بشرطیکہ یہ ادارے پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) سے منظور شدہ ہوں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ورچوئل ایسٹ ایکٹ 2026 کے نفاذ کے بعد ریگولیٹری فریم ورک کو فعال کر دیا گیا ہے جس کے تحت کرپٹو سے متعلق سرگرمیوں کو باقاعدہ قانونی دائرے میں لایا جارہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس پیشرفت سے نہ صرف پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ بیرون ملک موجود پاکستانیوں کے اربوں ڈالر کے کرپٹو اثاثوں کو بھی ملک میں لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک مستقبل میں اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے پر بھی کام کر رہا ہے جو مالیاتی نظام میں ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوسکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US