ضلع بنوں سے 3 پولیو ورکر اغوا، علاقے کی ناکہ بندی، سرچ آپریشن جاری

image

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے پولیو مہم کے دوران تین اہلکاروں کو اغوا کرلیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جھنڈوخیل کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب کریم اللہ، مشکوٰۃ اللہ اور شاہ زیب نامی پولیو ورکرز اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے تعینات تھے۔

ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان تینوں اہلکاروں کو بنیادی مرکزِ صحت (بی ایچ یو) غازی مرجان سے زبردستی اغوا کیا اور نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مغوی ورکرز کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جاسکے۔

ضلع بنوں اور گرد ونواح میں اس واقعے کے بعد پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US