کراچی کے علاقے معمار موڑ کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کے مطابق پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم کار سواروں نے رکنے کے بجائے اہلکار کو ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہو گئے جس کے نتیجے میں اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گیا۔
شہید اہلکار کی شناخت عبدالمنان کے نام سے ہوئی ہے جو سائٹ سپرہائی وے تھانے میں تعینات کانسٹیبل تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے سائٹ سپرہائی وے کے علاقے سے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گاڑی سے چھالیہ اور گٹکا بھی برآمد ہوا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔