کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد نیول کالونی سیکٹر 4 گلی نمبر 6 میں ایک گھر کے اندر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک خاتون اور تین بچوں سمیت خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینسز اور رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ نیول کالونی میں ستار بلوچ کے گھر میں مقیم ایک کرائے دار خاندان کے ساتھ پیش آیا، جس کا تعلق سرائیکی کمیونٹی سے بتایا جاتا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل کا یہ واقعہ گزشتہ رات دس سے بارہ بجے کے درمیان پیش آیا، جہاں مقتولین کو فائرنگ کرکے نشانہ بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز بچوں کے والدین کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔
واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب آج دوپہر مقتولہ کے بھائی (بچوں کے ماموں) کو ملیر میں ایک نامعلوم نمبر سے اس واقعے کی اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملنے پر جب وہ نیول کالونی پہنچے تو واقعے کی تصدیق ہوئی۔
اہل محلہ کو واقعے کا علم اس وقت ہوا جب علاقے میں ایمبولینسز پہنچیں۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔