کراچی کے علاقے جوہر آباد سے آٹھ روز قبل اغوا کیے جانے والے شہری ریحان احمد کی لاش جوہر آباد انویسٹی گیشن پولیس نے اصفہانی روڈ پر واقع چیپل گارڈن اپارٹمنٹ کے ایک فلیٹ سے برآمد کرلی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کی لاش پانی کے ڈرم میں چھپائی گئی تھی، جس کی نشاندہی گرفتار ملزم فیصل اکرم نے کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ریحان احمد فیڈرل بی ایریا کا رہائشی تھا اور بلڈ ٹیسٹ کرنے والی مشینوں کا کاروبار کرتا تھا۔ وہ 11 اپریل کو اپنے دوست فیصل اکرم کے ساتھ دفتر سے نکلا تھا جس کے بعد سے لاپتہ تھا۔
پولیس نے شک کی بنیاد پر فیصل اکرم کو پہلے ہی حراست میں لے رکھا تھا، جس نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کرتے ہوئے لاش کی موجودگی کی جگہ کی نشاندہی کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق جس فلیٹ سے لاش ملی ہے، وہ ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے مجیب الرحمان نامی شخص کی ملکیت بتایا جاتا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مجیب الرحمان مبینہ ٹارگٹ کلر ہے جس کے خلاف قتل، بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضے کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر واقعے کی مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔