کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں ریمبو ٹاور کے قریب فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ گزشتہ رات ایک شادی کی تقریب میں ہونے والے جھگڑے کا شاخسانہ ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق شادی کی تقریب میں تلخ کلامی اور جھگڑے کے بعد آج دوپہر ملزمان نے جائے وقوعہ پر آ کر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔