کراچی: میٹرک امتحانات میں نقل مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار

image

کراچی میں میٹرک بورڈ کے امتحانات کے دوران نقل مافیا کے خلاف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پیپر لیک کے دھندے میں ملوث چار گینگز کے سرغنہ سمیت ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی آئی اے پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو ملیر، سرجانی، نیو کراچی اور گلشن سے حراست میں لیا گیا جن میں مبین خان، اسامہ، بلال اور عبدالرزاق شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گروہ کا سرغنہ مبین خان 13 گروپس چلا رہا تھا جن میں مجموعی طور پر تقریباً 13 ہزار طالبعلم شامل تھے۔ تحقیقات کے مطابق یہ گروہ پیپر لیک کے بدلے طلبہ سے لاکھوں روپے وصول کرتا تھا اور ایک رات پہلے پرچہ فراہم کرنے کی گارنٹی دے کر آن لائن بینکنگ کے ذریعے پیسے لیتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نقل مافیا نے نیا طریقہ اختیار کرتے ہوئے امتحانی مراکز کے بجائے طلبہ کے گھروں میں پرچے حل کروانے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا تھا جبکہ امتحانی مراکز کے قریب خفیہ مقامات پر بھی یہ سرگرمیاں جاری تھیں۔

حکام کے مطابق ایک طالبعلم سے مبینہ طور پر 40 ہزار روپے تک وصول کیے جاتے تھے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US