کراچی میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی مائیگریشن اور ٹریول ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن میں ایک منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انکوائری نمبر 757/2026 کی بنیاد پر کارروائی کے دوران تین ملزمان ارسلان اشفاق، سید غلام محی الدین حیدر عرف حارث اور محمد صادق کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان جعلی اور ٹیمپرڈ ویزوں کے ذریعے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث تھے۔ تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ یو اے ای فیملی ویزا کو تبدیل کر کے سنگل وزٹ ویزا بنایا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 21 سے زائد پاسپورٹس، موبائل فونز، چیک بکس، اسٹیمپس اور دیگر اہم شواہد برآمد کیے گئے۔