پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری: ٹویوٹا کا 40 کروڑ ڈالر لگانے کا اعلان، الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری بھی متوقع

image

پاکستان میں گاڑیاں بنانے والی جاپانی کمپنی ٹویوٹا موٹرز نے آئندہ چار سے پانچ سال کے دوران 30 سے 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی نے حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ وہ ملک میں الیکٹرک وہیکل متعارف کرانے کے لیے بھی تیار ہے۔

انڈس موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اصغر علی جمالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لیے پانچ سال کے بجائے دس سالہ واضح اور جامع آٹو پالیسی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے تاکہ سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ طویل مدتی فیصلے کر سکیں۔

اصغر علی جمالی نے بتایا کہ دنیا بھر میں الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور یہی مستقبل ہے اس لیے ٹویوٹا بھی پاکستان میں ای وی گاڑیاں لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی کے باعث گزشتہ تین سال میں آٹو فنانسنگ دوگنا ہو چکی ہے تاہم گاڑیوں کے لیے بینک قرض کی حد 30 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خریداروں کو مزید سہولت مل سکے۔

سی ای او انڈس موٹرز کے مطابق برآمدات بڑھانے کے لیے ملک میں گاڑیوں کی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے جبکہ مقامی سطح پر خام مال کی صنعت کے فروغ سے لاگت کم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ گاڑیاں درآمد کرنے والے ممالک کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کرے تاکہ پاکستانی گاڑیوں پر ٹیکس کم ہو اور برآمدات کو فروغ ملے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US