کراچی میں فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے شہید ملت روڈ پر ٹیپو سلطان پل کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 3 ملزمان زخمی ہوئے جنہیں چوتھے ساتھی سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 4 غیر قانونی پستول، ایمونیشن، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان اسنیچنگ اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کا مختلف تھانوں میں سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔
پولیس کے مطابق یہ ملزمان پولیس پر فائرنگ اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔ ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔