کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوگئے۔
چھیپا ذرائع کے مطابق لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب 6 ویلر ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سے گر کر 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت سعد ولد وقاص خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور خالد کو گرفتار کر کے ٹریلر تحویل میں لے لیا ہے جبکہ بچے کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
دوسرا حادثہ منگھوپیر مائی گاڑی کے قریب پیش آیا جہاں لوڈنگ مزدا کی ٹکر سے 15 سالہ راہگیر بچہ ناظم ولد ارشاد جاں بحق ہوا۔ تیسرے واقعے میں کلفٹن بلاک 4 بے نظیر پارک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 60 سالہ راہگیر عبداللہ ولد محمود شاہ زندگی کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر ہونے والے حادثات میں مجموعی طور پر 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔