ہدف مشکل مگر ناممکن نہیں، میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے، عمر گل

image

پاکستان ٹیم کے باولنگ کوچ عمر گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے پاس میچ جیتنے کا اب بھی مکمل موقع موجود ہے اور اگر دو دن اچھی بیٹنگ ہو جائے تو 437 رنز کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے پاس فتح کا امکان ہے اور پاکستان ٹیم ذہنی طور پر ہدف کے تعاقب کے لیے تیار ہے۔ عمر گل کے مطابق میچ جیتنے کے لیے دو سے تین بڑی پارٹنرشپس انتہائی ضروری ہوں گی۔

بولنگ کوچ نے کہا کہ پہلے روز پچ بولرز کے لیے سازگار تھی جہاں نمی اور سوئنگ موجود تھی تاہم دوسرے اور تیسرے دن بیٹرز کو کافی مدد ملی اور بنگلادیشی بیٹرز نے شاندار کھیل پیش کیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان ٹیم ریویوز کا بہتر استعمال نہیں کر سکی جبکہ بولرز بدقسمت بھی رہے۔ عمر گل کے مطابق پاکستانی بولرز کی اسپیڈ اور انرجی برقرار ہے لیکن مسلسل ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کے باعث ردھم متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم تقریباً چھ ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہی ہے جبکہ گرمی اور نمی والے موسم میں بولرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شاہین آفریدی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں کہ شاہین نے کوچ کی بات نہ مانی ہو۔ ان کے مطابق حسن علی کے سر پر گیند لگنے کے بعد شاہین سے میدان میں جانے کے لیے کہا گیا تھا تاہم ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US