خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے وسطی کرم میں شدت پسندوں کے دو دھڑوں کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم میں ایک کمانڈر سمیت 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ شدید واقعہ وسطی کرم کے علاقے مناتو کامران کلے میں پیش آیا، جہاں شدت پسند کمانڈر کاظم اور ممتاز امتی کے گروہ آمنے سامنے آگئے۔ دونوں مسلح گروہوں کے درمیان ہونے والی اس خونریز جھڑپ میں بھاری ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے 18 افراد میں شرپسند کمانڈر ممتاز امتی بھی شامل ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے ہیں اور ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔