پاکستان میں آم کی پیداوار 25 لاکھ ٹن متوقع، برآمدات میں اضافے کا امکان

image

آم کی برآمد کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایکسپورٹرز کے لیے بڑی سہولت فراہم کر دی ہے جس کے بعد براستہ ایران وسطی ایشیائی ممالک کو آم کی برآمد میں حائل رکاوٹیں کافی حد تک دور ہو گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے آم کے ایکسپورٹرز کو مالیاتی دستاویز (F.I سرٹیفکیٹ) سے چار ماہ کے لیے استثنیٰ دے دیا ہے۔ یہ رعایت یکم جون سے ستمبر تک نافذ العمل رہے گی۔

فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کے رہنما وحید احمد کے مطابق اس فیصلے سے آم کی برآمدات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں رواں سال آم کی پیداوار کا تخمینہ 25 لاکھ ٹن لگایا گیا ہے جبکہ رواں سیزن میں 80 ہزار ٹن آم برآمد ہونے کی توقع ہے۔

وحید احمد نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن 25 مئی کو آم کی برآمد کے حتمی ہدف کا اعلان کرے گی تاہم براستہ ایران اضافی ٹرانسپورٹ اخراجات کے باعث برآمدات میں کچھ کمی کا امکان بھی موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US