ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی کے احکامات پر بدعنوانی، اختیارات کے غلط استعمال اور سنگین الزامات کے تحت کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے 8 افسران و اہلکاروں کو معطل کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
معطل ہونے والوں میں ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا ناصر محمود، انسپکٹر کاشف، سب انسپکٹر لیاقت علی اور ڈی آئی بی انچارج ڈسٹرکٹ کورنگی شامل ہیں، جبکہ دو ہیڈ کانسٹیبل اور تین کانسٹیبلز کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد معطل افسران و اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر مزید افسران بھی تحقیقات کی زد میں آسکتے ہیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ نے واضح کیا کہ پولیس محکمے میں اختیارات کا ناجائز استعمال اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی گٹکے، ماوے کی مبینہ سرپرستی پر کی گئی ہے۔