لاہور میں کاہنہ کے علاقے میں 18 کروڑ روپے کی مبینہ ڈکیتی کا معمہ حل کر لیا گیا ہے جس میں حیران کن طور پر واردات کا ماسٹر مائنڈ خود متاثرہ خاندان کا قریبی رشتہ دار نکلا۔
پولیس کے مطابق ملزم عدیم نے مبینہ طور پر کاروباری نقصان پورا کرنے کے لیے اپنے ہی بھائی کے گھر ڈکیتی کا منصوبہ بنایا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ واردات کے بعد ملزم نے خود پولیس کو اطلاع بھی دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نظر اپنے بھائی کی پانچ ماہ قبل ہونے والی شادی کے بعد گھر میں موجود قیمتی زیورات پر تھی۔ منصوبہ بندی کے تحت اس نے اپنے دفتر کے ملازمین کو بھی اس واردات میں شامل کیا۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم نے گھر کی چابی خود فراہم کی، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں چابی دینے سمیت دیگر شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ماسٹر مائنڈ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے سونا اور نقدی بھی برآمد ہوئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔