بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
پولیس کے مطابق آپریشن علی الصبح شروع کیا گیا جس میں خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ کارروائی کی نگرانی ایس پی رورل بنوں نے کی جبکہ اعلیٰ افسران بھی موقع پر موجود رہے۔
کارروائی کے دوران جدید ڈرون سرویلنس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی۔ آپریشن کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ آپریشن کے دوران میرانشاہ روڈ پر آزاد منڈی کے قریب 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوا جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا گیا۔