کراچی کے علاقے ملیر سعود آباد میں پسند کی شادی کرنے والے نو بیاہتا جوڑے کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے واردات کے صرف 15 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ساجد مقتولہ نادیہ کا سگا بھائی ہے، جس نے ابتدائی تفتیش میں اپنی بہن اور بہنوئی نبی اللہ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ نادیہ کی منگنی پہلے امجد گوپانگ نامی شخص سے ساڑھے تین لاکھ روپے کے عوض طے ہوئی تھی، تاہم نادیہ نے گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کر لی تھی، جس کے بعد امجد گوپانگ رقم کی واپسی کا مطالبہ کر رہا تھا۔
ملزم کے مطابق امجد گوپانگ نے رقم واپس نہ ملنے پر اس پر بہن کو قتل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا، جبکہ عید کے بعد اپنی شادی سے قبل رقم واپس لینے کی شرط بھی رکھی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتول جوڑے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ملیر کورٹ سے واپس حیدرآباد جا رہے تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں فائرنگ کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق واردات کے وقت موٹر سائیکل امجد گوپانگ چلا رہا تھا، جو واقعے کے بعد فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی سہولت کار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کو سچل تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔