لاہور میں قربانی کی کھالیں جمع کرنے، سری پائے بھوننے پر 45 افراد گرفتار

image

لاہور میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں قربانی کی کھالیں غیر قانونی طور پر جمع کرنے اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے 45 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں 38 مقدمات بھی درج کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صرف چیریٹی کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ اداروں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت ہے، اور اس حوالے سے پولیس کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق رہائشی علاقوں میں سری پائے تیار کرنے اور کھلے عام بھوننے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں 38 افراد کو گرفتار اور 26 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں شاہراؤں، گلیوں اور چوراہوں میں سری پائے بھوننے پر پابندی عائد ہے۔

محمد فیصل کامران نے مزید بتایا کہ عید کے روز ہوائی فائرنگ کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ ون ویلنگ اور پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US