کراچی کے علاقے گلشنِ معمار تھانے کی حدود میں واقع وائلڈ وینچر واٹر پارک کے قریب کھلے عام ڈکیتی کی ایک بڑی واردات پیش آئی ہے، جہاں اسلحے سے لیس ڈاکوؤں نے وہاں موجود فیملیز کو نشانہ بنایا اور دندناتے ہوئے لوٹ مار کرتے رہے جبکہ اس دوران پولیس موقع پر کہیں دکھائی نہیں دی۔
مذکورہ واردات کے دوران میڈیا ٹیم بھی ڈکیتوں کا نشانہ بن گئی۔ مسلح ملزمان نے میڈیا ٹیم کے ارکان کو یرغمال بنا کر ان سے ویڈیو کوریج کا قیمتی سامان اور موبائل فونز چھین لیے اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
متاثرہ میڈیا ٹیم میں اینکر فہیم اور کیمرہ مین عاطف شامل ہیں۔ واقعے کے بعد صحافتی برادری اور متاثرین کی جانب سے حکامِ بالا سے فوری نوٹس لینے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔