کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مطلوب منشیات فروش خاتون شیریں عرف شیرینہ کو اس کے دو بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کو کامران چورنگی کے قریب کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شیریں عرف شیرینہ ہیروئن، چرس اور دیگر منشیات کی فروخت میں ملوث تھی اور کافی عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ ماضی میں بھی گرفتار ہو چکی ہے اور جیل میں سزا کاٹنے کے بعد تقریباً دو سال قبل رہا ہوئی تھی۔ شیریں عرف شیرینہ کے خلاف مختلف نوعیت کے 35 کے قریب مقدمات درج ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے براہِ راست ہیروئن سپلائی کرتی تھی۔ گرفتار خاتون اور اس کے بیٹوں سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ منشیات کے نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔