انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 2 افغان باشندوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 2 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 137.85 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران 1.150 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 81.6 کلوگرام چرس، 12 کلوگرام آئس اور 500 گرام ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ دو افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
راولپنڈی میں پٹرول پمپ کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 13.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ بلوچستان کے علاقے کچلاک بائی پاس بلیلی کے قریب ایک گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے این ایف نے اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 11.050 کلوگرام ہیروئن، 2 پسٹل، 5 میگزین اور 70 گولیاں برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔
سکھر میں بس ٹرمینل کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع ایک کوریئر آفس میں دو پارسلز سے 345 گرام وزنی 600 ایکسٹیسی گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔
ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔