ایران کے صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مسعود پزشکیان کا دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ اپنے قیام کے دوران ایرانی صدر صدرِ پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ علاقائی رابطہ کاری، عالمی امور اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی، جبکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد ہونے والی سفارتی پیش رفت کا جائزہ بھی ملاقاتوں کا اہم حصہ ہوگا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کی قیادت خطے میں پائیدار ترقی، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کرے گی۔
ترجمان کے مطابق صدر مسعود پزشکیان کا دورہ دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ صدر مسعود پزشکیان بطور صدر ایران دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔