اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نیما، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز) سے ملاقات کی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی صدر نے پاکستان کے اُس مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا جو وہ مکالمے کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن کے لیے ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حالات میں تنازعات کے پرامن حل اور خطے کے ممالک کے درمیان بہتر تفہیم پیدا کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔