اسلام آباد کے ایچ-9 اتوار بازار میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جسے تین روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد کریں گے، جبکہ اس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، اسلام آباد پولیس، سی ڈی اے، سول ڈیفنس، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
کمیٹی کو آگ لگنے کے واقعے کی وجوہات، اس کے پھیلاؤ کے عوامل، ریسکیو سروسز کے رسپانس ٹائم، مالی نقصانات کے تخمینے اور محفوظ رہ جانے والے حصوں کی بحالی و آپریشنل طریقہ کار کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ کمیٹی اپنی سفارشات بھی رپورٹ کا حصہ بنائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے کمیٹی کے قیام سے متعلق احکامات کی نقول چیف کمشنر اسلام آباد، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کردی ہیں۔
مزید برآں ڈپٹی آئی جی آپریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کے دورے تک ایچ-9 اتوار بازار میں پولیس کی اضافی نفری تعینات رکھی جائے، جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن کو 48 گھنٹوں تک ڈی ایم اے کا عملہ موقع پر موجود رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔