کراچی میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک انتظامات کا اعلان کردیا ہے۔
حکام کے مطابق تینوں روز مرکزی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہوں گے اور اپنے روایتی راستوں سے گزرنے کے بعد اختتام پذیر ہوں گے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ کو عام ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا، جس کے باعث شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے ہوں گے۔ ناظم آباد کی جانب سے آنے والی گاڑیوں کو لسبیلہ چوک سے متبادل روٹس کی طرف بھیجا جائے گا، جبکہ شاہراہ فیصل سے آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی سگنل کے مقام سے دیگر راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق جلوس کے روٹس پر صرف ان گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی جن کے پاس متعلقہ اجازت نامہ یا خصوصی اسٹیکر موجود ہوگا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق شہر بھر میں پانچ ہزار سے زائد اہلکار مختلف مقامات پر فرائض انجام دیں گے، جبکہ جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری اور ریزرو فورس بھی تعینات کی گئی ہے۔
سیکیورٹی حکام نے حساس مقامات پر اسنائپرز بھی تعینات کر دیے ہیں جبکہ سرچ اور سویپ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔ پولیس نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی صورت میں فوری طور پر مددگار 15 کو اطلاع دی جائے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے اور جلوسوں و مجالس کے شرکاء کے تحفظ کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔