چیئرمین پی سی بی کا ہمدردانہ اقدام، کینسر میں مبتلا صحافی کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے جاری

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بلڈ کینسر میں مبتلا ایک بیمار صحافی کے علاج کے لیے 10 لاکھ (ایک ملین) روپے کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر فنڈز جاری کردیے۔

حال ہی میں کچھ صحافیوں نے محسن نقوی سے ملاقات کے دوران انہیں اپنے ایک ساتھی صحافی کی سنگین حالتِ زار سے آگاہ کیا تھا جو خون کے سرطان کے باعث کراچی میں زیرِ علاج ہیں۔ ملاقات کرنے والے صحافیوں نے علاج کے بقیہ اخراجات کے لیے صرف 7 لاکھ روپے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ دیگر ذرائع سے بھی فنڈز کا انتظام کرچکے تھے، تاہم چیئرمین پی سی بی نے درخواست سے زائد 10 لاکھ روپے کی منظوری دی۔

محسن نقوی نے معاملے کی حساسیت کے پیشِ نظر اپنے ڈائریکٹر میڈیا عامر میر کو فوری طور پر چیک تیار کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد اگلے ہی دن بیمار صحافی کے اہل خانہ کو رقم کا چیک فراہم کردیا گیا۔ اس عمل میں شامل ایک صحافی نے پی سی بی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عام طور پر پرتعیش لائف اسٹائل اور اخراجات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بننے والے کرکٹ بورڈ کا یہ ایک مثبت اور ہمدردانہ انسانی پہلو ہے۔

دوسری جانب، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ویلفیئر فنڈ سے سابق کھلاڑیوں کو دی جانے والی ماہانہ پنشن کے حوالے سے بھی اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے پیشِ نظر، چیئرمین محسن نقوی نے بورڈ کے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ سابق کرکٹرز کی موجودہ پنشنز کی رقم کا دوبارہ جائزہ لیں تاکہ اس میں مناسب اضافہ کیا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US