مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے باوجود شہری مسائل حل نہیں ہو سکے، اصل معاملہ صرف انتخابات کا نہیں بلکہ آئین کے آرٹیکل 140 اے پر مکمل عملدرآمد کا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ بلدیاتی نظام اور اداروں کو آئینی ضمانت حاصل نہیں، جس کے باعث صوبائی حکومتیں جب چاہیں انہیں تحلیل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کا ہے، کیونکہ وزیراعلیٰ اپنی صوابدید کے مطابق وسائل خرچ کرتا ہے، جس سے عام عوام بنیادی سہولیات سے محروم رہ جاتے ہیں۔
اس موقع پر رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آئینی ترمیم کے لیے پیش قدمی کرے، وہ اپنی جماعت کی قیادت کو اس معاملے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وفاق کے مقابلے میں صوبوں کے پاس زیادہ وسائل موجود ہیں، جبکہ مقامی حکومتوں کا نظام جیسا بھی ہو، اس کا تسلسل کے ساتھ فعال رہنا ضروری ہے۔