وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق حالیہ جنگی صورتحال میں پاکستان نے جو سفارتی کردار ادا کیا، وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یومِ عاشور ایسے وقت میں آیا جب خطے میں جنگی صورتحال درپیش تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی سنت اور قربانی کی یاد تازہ کر دی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان صلح اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا، جس پر پاکستان پوری امتِ مسلمہ کے سامنے سرخرو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس سفارتی کردار کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دعا ہے لبنان اسرائیلی مظالم سے نجات حاصل کرے، جبکہ دنیا بھر میں جہاں بھی مسلمان ظلم و جبر کا شکار ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں آزادی، امن اور استحکام عطا فرمائے۔